صدقۂ فطر اور فدیۂ صوم: عصرِ حاضر کے معاشی تناظر میں ایک تحقیقی جائزہ

Read this comprehensive and research-based article to understand the essential rulings of Sadaqat al-Fitr and Fidya al-Sawm in the context of modern economic conditions. It explains the legal status of Fitrana, its prescribed amounts, the proper time of payment, rulings for overseas Muslims, and detailed guidance on Fidya for missed fasts — all supported by authentic Hadith references. Gain clear religious guidance and ensure the correct fulfillment of this important Islamic obligation.

Dr. Wajid Irshad

3/18/20261 min read

صدقۂ فطر اور فدیۂ صوم: عصرِ حاضر کے معاشی تناظر میں ایک تحقیقی جائزہ
ڈاکٹر واجد ارشاد
قسط نمبر: 76
تمہید

رمضان المبارک کے اختتام پر اللہ تعالیٰ نے صاحبِ استطاعت مسلمانوں پر "صدقۂ فطر" واجب کیا ہے۔ یہ نہ صرف روزوں کی کوتاہیوں کا کفارہ ہے بلکہ معاشرے کے نادار افراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ بھی ہے۔ ذیل میں متعلقہ اہم مسائل کا خلاصہ پیش کیا جا رہے:

1. صدقۂ فطر کی شرعی حیثیت اور حکمت

رسول اللہ ﷺ نے صدقۂ فطر کو ہر مسلمان پر واجب قرار دیا ہے۔ اس کے دو بنیادی مقاصد احادیث میں بیان کیے گئے ہیں:

فرمان نبوی ﷺ ہے

عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ رضي الله عنهما قَالَ: «فَرَضَ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ زَكَاةَ الْفِطْرِ طُهْرَةً لِلصَّائِمِ مِنَ اللَّغْوِ وَالرَّفَثِ، وَطُعْمَةً لِلْمَسَاكِينِ» (سنن ابی داود: 1609)

حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے صدقۂ فطر کو روزے دار کے لیے لغو اور بیہودہ باتوں سے پاکی کا ذریعہ اور مساکین کے لیے کھانے کا سامان بنا کر فرض قرار دیا۔

2. مقدارِ فطرانہ و فدیہ (تحقیقی و احتیاطی پیمانہ)

شرعی پیمانے "صاع" کو جب جدید کلو گرام میں بدلا جائے تو احتیاطی اور راجح مقدار درج ذیل ہے:

گندم یا آٹا: نصف صاع یعنی تقریباً 2.25 کلو گرام (سوا دو کلو)۔

کھجور، جَو، کشمش یا چاول: ایک مکمل صاع یعنی تقریباً 4.50 کلو گرام (ساڑھے چار کلو)۔

موجودہ دور کا معاشی تضاد:

عہدِ نبوی اور عہدِ صحابہ میں گندم مہنگی اور نایاب تھی، اس لیے اس کی مقدار آدھی (نصف صاع) رکھی گئی۔ آج کے دور میں گندم سستی ہے جبکہ کھجور اور کشمش بہت مہنگی ہیں۔ لہٰذا صاحبِ ثروت افراد کو چاہیے کہ وہ صرف گندم کے ریٹ پر اکتفا نہ کریں بلکہ کھجور یا کشمش کے نصاب (ساڑھے چار کلو) کے مطابق ادائیگی کریں تاکہ غریب کی بہتر امداد ہو سکے۔

3. ادائیگی کا وقت

صدقۂ فطر عید کی نماز سے پہلے ادا کرنا سنت ہے، تاہم اسے چند دن پہلے جمع کرنا اور اس کی نگرانی کرنا بھی سنتِ صحابہ سے ثابت ہے۔ صحیح بخاری میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کا واقعہ اس کی واضح دلیل ہے:

فرمان نبوی ﷺ ہے

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، قَالَ: «وَكَّلَنِي رَسُولُ اللَّهِ ﷺ بِحِفْظِ زَكَاةِ رَمَضَانَ، فَأَتَانِي آتٍ فَجَعَلَ يَحْثُو مِنَ الطَّعَامِ فَأَخَذْتُهُ...» (صحیح بخاری: 2311)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے مجھے رمضان کی زکوٰۃ (صدقۂ فطر) کی حفاظت پر مقرر فرمایا۔ (رات کو) ایک آنے والا آیا اور غلے میں سے لپ بھر بھر کر نکالنے لگا، میں نے اسے پکڑ لیا۔

واقعے کی تفصیل: یہ شخص (جو درحقیقت شیطان تھا) مسلسل تین راتوں تک آتا رہا۔ وہ ہر بار اپنی غربت اور عیال داری کا واسطہ دے کر حضرت ابوہریرہؓ کو جذباتی کرتا اور آپؓ شفقت فرماتے ہوئے اسے چھوڑ دیتے۔ تیسری رات آپؓ نے اسے پکڑا تو اس نے جان چھڑانے کے لیے "آیت الکرسی" کی فضیلت بتائی۔

تحقیقی نکتہ:

اس واقعے سے ثابت ہوا کہ صدقۂ فطر عید سے کئی دن پہلے ہی جمع ہو چکا تھا اور اس کا باقاعدہ ذخیرہ موجود تھا، جس کی نگرانی کی جا رہی تھی۔ لہٰذا کسی ادارے یا تنظیم کو عید سے پہلے فطرانہ دینا بالکل درست ہے۔

4. بیرونِ ملک مقیم افراد کے لیے حکم

صدقۂ فطر "بدن" کی زکوٰۃ ہے۔ اصول یہ ہے کہ انسان جس ملک میں مقیم ہے، وہاں کے نرخ (Rate) کا اعتبار ہوگا۔ اگر آپ بیرونِ ملک ہیں تو وہاں ڈھائی کلو آٹے یا ساڑھے چار کلو کھجور کی جو قیمت بنتی ہے، وہی ادا کرنا آپ پر لازم ہے۔ اگر آپ یہ رقم پاکستان بھیجنا چاہتے ہیں، تب بھی حساب وہیں کے ریٹ سے لگایا جائے گا جہاں آپ مقیم ہیں۔

5. فدیۂ روزہ: احکام و مقدار

وہ افراد جو دائمی بیمار یا بہت بوڑھے ہوں، ان پر ہر روزے کے بدلے فدیہ لازم ہے۔

ارشاد باری تعالٰی ہے

«وَعَلَى الَّذِينَ يُطِيقُونَهُ فِدْيَةٌ طَعَامُ مِسْكِينٍ» (البقرہ: 184)

اور جو لوگ روزہ رکھنے کی طاقت نہیں رکھتے، ان کے ذمے فدیہ ہے ایک مسکین کو کھانا کھلانا۔

مقدار: ایک روزے کا فدیہ نصف صاع گندم یعنی 2.25 کلو گرام (سوا دو کلو) یا اس کی قیمت ہے۔

پورے ماہ (30 دن) کا فدیہ: تقریباً 67.5 کلو گرام گندم کی قیمت کے برابر بنتا ہے۔

خلاصہ کلام

صدقۂ فطر کی ادائیگی میں بخل کے بجائے سخاوت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ گندم کے کم از کم نصاب پر اکتفا کرنے کے بجائے اگر ہم کھجور یا کشمش کے ریٹ سے ادائیگی کریں گے، تو یہ تقویٰ کے زیادہ قریب اور مستحقین کے حق میں بہتر ہوگا۔

ناشر: قرآن و سنہ انسٹیٹیوٹ
نیکی کی بات پھیلانا صدقۂ جاریہ ہے۔ اس تحریر کو شیئر کر کے خیر کے کاموں میں ہمارا ساتھ دیں